roman urdu me padhne ke liae click here
باسم الحی الذی لا یموت
آیت اللہ وحید کی موت فقاہت کی تاریخ کے ایک روشن باب کا خاتمہ
آیت اللہ العظمی حسین وحید خراسانی المعروف بہ وحید خراسانی ایک عظیم مرجع اور حوزۂ علمیہ قم مقدس میں فقہ و اصول کے ایک معتبر، ممتاز، برجستہ اور بلند پایہ استاد تھے
آپ نیشاپور میں جو مشہد مقدس کے قریب ہے اور ایران کے صوبہ خراسان میں واقع ہے پیدا ہوئے
ابتدائی اور متوسطات کی تعلیم سے فراغت کے بعد اعلی تعلیم کے لۓ مشہد مقدس بعد از آں نجف اشرف چلے گئے۔ مشہد مقدس میں آیت اللہ مہدی اصفہانی، آیت اللہ مہدی آشتیانی، آیت اللہ ابوالقاسم الہی اور آیت اللہ شیخ محمد نہاوندی جیسے عظیم اساتید سے علوم عقلی، فلسفہ، حکمت اور فقہ کے اعلی درجے کی تعلیم حاصل کی
آیت اللہ سید محمد حجت کوہ کمرہای سے علمی مذاکرہ کے بعد انہیں اجتہاد مطلق کا اجازہ ملنے کا شرف حاصل ہوا
مزید اعلی تعلیم حاصل کرنے کے لۓ حوزہ علمیہ نجف اشرف کا سفر کیا۔ نجف اشرف میں قیام کے دوران آپ نے متعدد اساتذہ و فقہائے کرام کے سامنے زانوۓ تَلَمُّذ طے کیا
آپ کے اساتذہ میں آیت اللہ عبدالہادی شیرازی، آیت اللہ سید محمود شاہرودی، آیت اللہ سید محسن حکیم، خاص طور پر آیت اللہ سید ابو القاسم خوئی (نور اللہ مرقدھم) قابل ذکر ہیں
نجف اشرف سے واپس مشہد مقدس تشریف لائے۔ کچھ عرصہ حوزہ علمیہ مشہد مقدس میں درس دیا پھر حوزہ علمیہ قم مقدس تشریف لائے اور اس وقت سے تا دم صحت حوزہ علمیہ قم مقدس کی مسجد اعظم میں فقہ و اصول کے درس خارج کی تدریس کی اور بہت سے علماء و اساتذہ ان کے درس میں شرکت کرتے رہے۔ فقہی اصول، قواعد اور مسائل فقہ پر گہری نظر تھی۔ اپنی باریک بینی اور اصول فقہ کی درست و دقیق وضاحت کے لۓ مشہور تھے۔ انہوں نے اس راہ میں بہت سے طلباء کی تربیت کی
حوزہ علمیہ قم مقدس وغیرہ میں تقریبا نوے فیصد اساتذہ و تلامزہ ایسے ہیں جنہوں نے آپ سے تحصیل علوم دینیہ کیا
آیت اللہ وحید خراسانی ایک عظیم استاد اور سند المدرسین تھے، مختلف شہروں اور ملکوں سے تعلق رکھنے والے ان کے شاگردوں کا دائرہ دنیا کے طول و عرض میں پھیلا ہوا ہے
آپ کی علمی و فقہی بصیرت کے تو کیا کہنے
حوزہ علمیہ قم مقدس کی تاریخ میں آپ کا نام ایک قادر الکلام استاد کے طور پر ابھرا
آیت اللہ وحید کی علمی خصوصیات میں سے ایک فقہ کے اصول و ضوابط پر ان کا تسلط تھا۔ اصول فقہ وہ علوم ہیں جو دینی منابع و بنیادی ماخذوں کی مدد و استنباط سے احکام شرعی حاصل کرتے ہیں
احکام حاصل و اخذ کرنے کے قواعد اور طریقوں کا جائزہ لیتے ہیں۔ پیچیدہ اصولی مسائل کا بغور تجزیہ، سابقہ فقہاء کے اقوال کا جائزہ اور عقلی و صحیح حدیث کے دلائل کی طرف توجہ ان کے اسباق کی خصوصیات میں سے ہے
اسی وجہ سے حوزہ علمیہ قم مقدس کے بعض اساتذہ انہیں اصول میں "وحید" کہتے تھے
آپ کے استاد آیت اللہ العظمی ابوالقاسم خوئی نے نجف اشرف میں سورہ حمد کی تفسیر کا درس دیا جس کا مجموعہ بنام "البیان فی تفسیر القران" کی صرف ایک جلد زیور طبع سے آراستہ ہو کر منظر عام پر آئی
تفسیر "البیان" میں دقیق علمی ابحاث کو منطقی و برہانی انداز میں بیان کر کے علمی حلقوں کی ضروریات کو کسی حد تک پورا کیا گیا ہے لیکن افسوس یہ پایۂ تکمیل تک نہیں پہنچ سکی
آیت اللہ خوئی کے شاگرد آیت اللہ وحید نے اپنے استاد کی پیروی کرتے ہوئے بدھ کے دن اصول فقہ کے درس خارج کی تعطیل کر دی اور اس کی جگہ سورہ "یٰس" کی تفسیر کا درس بہت عمیق نظر سے دینا شروع کیا
آپ کی یہ تدریس بھی اس قدر عمدہ، شاندار اور دل پذیر تھی کہ اس پر خامہ فرسائی سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے
فقہ و اصول اور تفسیر قران کا استاد ہونے کے علاوہ زبردست خطیب بھی تھے
درس اور غیر درس کے دوران مختلف مخصوصا ایام عزا کی مناسبات سے آپ کا خطاب منہ بولتا ثبوت ہے
یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ مرحوم؛ علم تفسیر، علم حدیث، علم فقہ، علم اصول اور میدان خطابت کے یکساں شہسوار تھے
آیت اللہ وحید خراسانی سے متعلق یہ بات پھیلائی گئی کہ آپ اور رہبر شہید (رضوان اللہ علیھم) کے درمیان اختلاف ہے اس کی تردید اس بات سے بھی ہوتی ہے کہ جب آیت اللہ وحید کے داماد آیت اللہ صادق آملی لاریجانی عدالت عظمیٰ کے سربراہ کے عہدے پر فائز ہونے کے بارے میں اپنے خسر معظم کی رائے پوچھنے کے لۓ آپ کی خدمت میں آئے تو آیت اللہ وحید نے فرمایا :
« اس سید (رہبر شہید) کی ہر طرح سے مدد کیجئے وہ اکیلے ہیں اگر آپ ان کی مدد نہیں کریں گے تو کون کرے گا؟ »
میرے کچھ معتبر و ایرانی دوستوں نے یہ بات بتائی ہے
مکتب اہل بیت علیہم السلام کے اعلی ترین مدافع و محافظ آیت اللہ وحید نے یوم شہادت حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کو عام سرکاری تعطیل کا مطالبہ کیا تو اس تجویز اور مطالبے کا خیر مقدم کیا گیا
متعلقہ بل کی کابینہ نے منظوری دے دی اور قانونی مراحل کو طے کرنے کے لۓ مجلس شورای اسلامی (اسلامی مشاورتی اسمبلی) کو بھیج دیا گیا
آخر کار اسمبلی میں اس بل کی منظوری کے بعد حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کی تاریخ شہادت تین جمادی الثانی کو ایرانی کیلنڈر میں سرکاری تعطیل کے طور پر درج کرلی گئی
آیت اللہ وحید خراسانی کی شخصیت ایک غیر معمولی حیثیت کی حامل تھی، علم و فضل میں یکتائے روزگار تھے لیکن افسوس صد افسوس گلشن علم کی آبیاری کرنے والی ایسی عبقری شخصیت اور فقہ و اصول کا یہ درخشندہ ستارہ مورخہ 7 جمادی الثانی 1448 ہجری قمری مطابق 2026/11/17 بروز سہ شنبہ کو 105 سال کی عمر پانے اور ایک صدی تک مسند درس کو رونق بخشنے، خدمت کرنے اور مختصر علالت کے بعد ہمیشہ کے لۓ غروب ہوگیا
ان کی وفات حسرت آیات پر علمی و سماجی حلقوں میں گہرے رنج و ملال کا اظہار کیا جا رہا ہے. دنیا بھر میں پھیلے ہزاروں شاگردوں میں صف ماتم بچھ گئی. اساتذہ و علما کے علاوہ مرحوم سے تعلق رکھنے والے عوام و خواص کی بڑی تعداد غمگین ہے کیونکہ ان کی رحلت سے دبستان فقہ و اصول اور تفسیر کا ایک بہت بڑا ایسا خسارہ و نقصان اور خلاء ہے جس کی تلافی و پر ہونا ناممکن نہ سہی لیکن مشکل ضرور ہے اور ایسا شگاف ہے جسے بند نہیں کیا جا سکتا
«موتُ العالمِ مصيبةٌ لا تُجبرُ وثلمةٌ لا تُسدُّ»
لیکن آپ کی علمی، دینی، سماجی، معاونت و خدمات اور فقہی بصیرت اندھیروں میں روشنی کی شمع جلاتی رہے گی
آیت اللہ وحید خراسانی اب ہمارے درمیان نہیں رہے لیکن ان کے آثار و تالیفات اور ان کے تیار کردہ تلامذہ اور شاگرد جب تک زندہ ہیں علم فقہ و اصول میں "وحید" کا نام بھی زندہ و جاوید رہے گا
آپ کی تشییع بروز چہارشنبہ قم مشرفہ میں ہوگی اور تدفین مشہد مقدس میں متوقع ہے
خدا سے بحق محمد وآل محمد صلوات اللہ و سلامہ علیھم دعا گو ہوں مرحوم کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے، اعلی علیین میں جگہ عنایت فرمائے اور ان کے مقلدین، متعلقین، مومنین، شاگردوں خصوصا ان کے دونوں بیٹوں جو خود بھی عالم دین ہیں اور بیٹی کو صبر جمیل و پاداش جزیل عنایت فرمائے اور ہمیں ان کا نعم البدل دے اور عشق اہل بیت علیھم السلام میں غوطہ لگا کر دھڑکنے والا دل اور ان کے چھوڑے ہوئے سرمایۂ علم سے مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے
سید شمشاد علی کٹوکھری
خادم ادارئہ "دار العترت"
حوزہ علمیہ قم المشرفہ ایران
7 / جمادی الثانی / 1448



